حکومت کو مسلم پرسنل لا سے کوئی سروکار نہیں: مقررین

شعبہ علوم اسلامی جامعہ ہمدرد میں دو روزہ قومی فقہی سیمینار کا انعقاد

نامہ نگار
:نئی دہلی

طلاق کو میڈیا نے غلط طریقے سے اور ظلم و تشدد بنا کر پیش کیا ہے اور ہم نے اپنی لاعلمی اور دین سے دوری کی وجہ سے خود ہی اپنے دین کے معاملے میں غلط فہمیاں پال لی ہیں۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ اگر طلاق ظلم و تشدد ہے تو ظالم بھی ہمارے ہیں اور مظلوم بھی ہمارے ہیں لیکن خوش قسمتی یہ ہے کہ ہمارے نبی نے ظالم اور مظلوم دونوں کی مدد کرنے کی تعلیم دی ہے تو پھر ہمیں اس پر عمل کر کے اپنے سماج کے ان ظالموں اور مظلوموں کی مدد کرنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اسماء زہرا نمائندہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جامعہ ہمدرد میں منعقد دو روزہ فقہی سیمینار کے خواتین سیشن میں کیا۔ ڈاکٹر سمیہ احمد نے نظامت کی اور ڈاکٹر صفیہ عامر جامعہ ہمدرد نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر آبرو امان اندرابی، ڈاکٹر ناظمہ عزیز و سارہ ذیشان نے مقالات پیش کیا۔ سیمینار کے دوسرے سیشن کی صدارت شاہ تقی الدین منیری اور نظامت کے فرائض سید فضل الرحمن نے انجام دیے جبکہ ڈاکٹر عبیداللہ فہد، مفتی عتیق احمد بستوی اور مفتی فہیم اختر ندوی نے مقالے پیش کیے۔ دوسرے سیشن کی نظامت ڈاکٹر محمد احمد نعیمی اور صدارت کے فرائض ڈاکٹر عبید اللہ فہد نے انجام دیے جبکہ مفتی آل مصطفی مصباحی، مفتی رضاء الحق اشرفی مصباحی اور مفتی نظام الدین نوری نے مقالات پیش کیے۔ ان دونوں سیشن میں مندوبین سے حاضرین نے دل کھول کر سوال کیے لیکن سب سے زیادہ سوالوں کا سامنا ڈاکٹر اسماء زہرا نے کیا۔ اس کے بعد کے سیشن کی نظامت محمد ظفر الدین برکاتی اور صدارت کے فرائض مفتی رضاء الحق اشرفی نے انجام دیے جبکہ پروفیسر نسیم احمد شاہ، مفتی امجد رضا قادری اور سید فضل الرحمن چشتی نے اپنے اپنے مقالات پیش کیے اور سوالوں کے جواب دیے۔ اس سیشن میں پروفیسر غلام یحیی انجم مصباحی صدر شعبہ نے “حجۃ الإسلام نمبر” اور “تنقید بر محل” کی رونمائی کی، اور آخری سیشن میں ڈاکٹر محمد احمد نعیمی اور مولانا صغير اختر مصباحی نے پیپر پڑھا۔ اختتامی تقریب میں سبھی مندوبین نے اپنی اپنی رائے پیش کی اور پیش کیے گئے مقالات کو جلدی کتابی شکل میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی جس میں بحیثیت مبصر و صدر جامعہ ہمدرد کے پرو وائس چانسلر پروفیسر احمد کمال موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڑی فراخ دلی سے اعتراف کرتے ہیں کہ ایسی علمی اور فقہی مجلسوں میں شرکت سے ہماری معلومات میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے کہ یہ عنوان ہماری عملی زندگی کا حصہ نہیں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سبھی مندوبین کو سرٹیفکیٹ اور تحائف پیش کیے۔ آخر میں قومی فقہی سیمینار کے ڈائریکٹر پروفیسر غلام یحیی انجم مصباحی صدر شعبہ علوم اسلامی جامعہ ہمدرد نے کلمات تشکر پیش کیے اور مندوبین کے ساتھ ساتھ جامعہ ہمدرد کے انتظامیہ اور شعبہ کے اساتذہ و طلبہ و طالبات، محققین اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی ،مفتی رضاء الحق، عارف رضا اشفاقی وغیرہ نے اپنے خیالات پیش کیے۔ ڈپارٹمنٹ کے استاذ ڈاکٹر ارشد، دفتر انچارج سیف الدین اور سیمینار لائبریری کے انچارج محمد شہاب الدین نے سیمینار کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کیا۔ میڈیا انچارج کی ذمہ داری محمد ظفر الدین برکاتی نے نبھائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *