مولانا محمد سالم قاسمی سے مجلس مشاورت کے صدرکی ملاقات

طیب ٹرسٹ دیوبند مسلم این جی اوز کے لیے ملکی سطح پر مثالی ادارہ :نویدحامد

Photo

دیوبند،۱۵؍مارچ: (پریس ریلیز)
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر ومعروف سماجی شخصیت نوید حامدنے آج ایک وفد کے ساتھ طیب ٹرسٹ دیوبند کادورہ کرکے ادارہ کے چیئرمین حافظ محمد عاصم قاسمی ودیگر ذمہ داران سے ملاقات کی۔اس موقع پر نوید حامدنے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ آج طیب ہاسپیٹل اور ادارہ کی دیگر سرگرمیوں کو دیکھ کربیحد خوشی ہوئی ۔طیب ٹرسٹ پورے ملک کے مسلم این جی اوز کے لیے ایک مثالی ادارہ ہے۔اپنے منظم کام، جدید طریقۂ کار اور نئی نسل کو ساتھ لے کر اس فلاحی ادارے نے بہت کم عرصے میں عالمی سطح پر جو پہچان بنائی ہے، وہ سب کے لیے باعث مسرت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اس ادارے کو دیکھنے کے بعد یہ محسوس ہوا کہ ایک چھوٹے سے قصبے میں بھی رہ کر موجودہ تقاضوں کے مطابق بڑے بڑے کام کیے جاسکتے ہیں۔طیب ٹرسٹ نے ریلیف کے میدان میں جو نمایاں کام کیاہے، اسے بطورمثال پیش کیاجاسکتاہے ۔اس ادارہ کے چیئرمین حافظ محمد عاصم قاسمی ایک ایسے خاندان کے فرد ہیں جن کی خدمات کاسلسلہ گذشتہ ڈیڑھ سوسال سے جاری ہے۔ادارہ سازی اور افرادسازی اس خاندان کاہمیشہ سے شیوہ رہاہے ۔انہوں نے طیب ٹرسٹ کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری مجتبیٰ فاروق،دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی اور مولانا انس خورشیدوغیرہ موجودرہے۔
قبل ازیں آل انڈیامسلم مجلس مشاورت کی سپریم گائڈینس کو نسل کے چیئرمین ودارارالعلوم وقف کے صدرومہتمم حضرت مولانا محمد سالم قاسمی سے مجلس مشاورت کے نومنتخب صدرنوید حامد نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی اور مجلس کی موجودہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔نویدحامد نے بتایاکہ مجلس مشاورت اس وقت تمام ملی جماعتوں اور مختلف مکتبۂ فکر کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ دورحاضرکے حساس مسائل پر توجہ کررہی ہے جس پر مولانا سالم قاسمی نے خوشی ومسرت اوراطمینان کااظہارکرتے ہوئے مستقل علالت کے باوجودمشاورت کے پروگراموں میں شرکت کی یقین دہائی کرائی ۔مجلس مشاورت کے صدر موصوف نے دارالعلوم وقف دیوبند کا بھی دورہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *