دوسروں کی مدد سے اپنی غربت دور نہیں کرسکتے:امام قاسم رشید

معذورین اور مستحقین کو روزگار سے جوڑنے کے لیے طیب ٹرسٹ اور الخیر فاونڈیشن کوشاں
Taiyab Trust 2
دیوبند،(پریس ریلیز)
ملکی سطح پر سماجی ورفاہی کاموں میں سرگرم معروف فلاحی ادارہ ’’طیب ٹرسٹ دیوبند ‘‘کے زیراہتمام ’’غربت کے خاتمے میں این جی اوز کاکردار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پردیوبند یونانی میڈیکل کالج میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں مشہور انٹرنیشنل این جی او ’’الخیر فاونڈیشن‘‘ لندن کے چیئرمین امام قاسم رشید اور سی ای او سیف احمد سمیت مختلف سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، سرکردہ شخصیات اورسرکاری سطح کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر طیب ٹرسٹ کے چیئرمین حافظ محمدعاصم قاسمی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق ایک ایسا میدان ہے جہاں بلاتفریق مذہب و مسلک کام کیاجاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غریبی کوئی عیب نہیں بلکہ اللہ کی دین ہے۔ غربت کاخاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک غریبوں کی ذہن سازی نہ ہواور انہیں غربت سے نکلنے کی چاہت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ غیرسرکاری تنظیموں کا کام صرف غریبوں کی وقتی مدد کرنا نہیں بلکہ عملی سطح پران کی زندگی میں تبدیلی لانا ہے۔ عاصم قاسمی نے کہا کہ آج اس سلسلے میں دیوبند کے متعدد معذورین کے مابین ایسی ٹرائی سائیکل تقسیم کی گئی ہیں جو چلتی پھرتی دکان ہیں تاکہ ایسے لوگ محتاجگی کے بجائے خود کفیل بن سکیں۔ ایسے طلبہ وطالبات جواپنی غربت کی وجہ سے تعلیمی فیس جمع نہیں کرسکتے ان کے مابین اسکالرشپ اور دیگرمستحقین کو سلائی مشین، پنکھے اور فوڈپیک بھی تقسیم کیے گئے۔
Taiyab Trust 1
مہمان خصوصی الخیرفاونڈیشن، لندن کے چیئرمین امام قاسم رشید نے کہا کہ الخیر فاونڈیشن بلاتفریق ہر حلقے میں کام کررہی ہے۔ دنیا کے جن علاقوں میں ہم لوگ کام کررہے ہیں ان میں دیوبند کا معیار زندگی کافی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت سے باہر آنے کے لیے ہمیں اپنے اندرعزم وحوصلہ اور عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ جب تک ہم مدد کے لیے دوسروں کا انتظار کرتے رہیں گے اس وقت تک ہم اپنی غربت دور نہیں کرسکتے ہیں۔ امام قاسم نے کہا کہ سماجی تبدیلی اور ترقی میں این جی اوز کا بہت اہم رول ہوتا ہے۔ اس کام کومزید بہتر سے بہتر اور منظم طریقے پر کرنے کی ضرورت ہے ۔الخیر فاونڈیشن کے سی ای اوسیف احمد نے کہاکہ ہندوستان میں ترقی کے مواقع کی کمی نہیں ہے، بس ہمارے نوجوانوں میں احساس کمتری ہے جس سے ہمیں باہر آنا ہوگا اور اپنی سوچ بدلنی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ امام قاسم رشید ان چند شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے منفرد کام اور جدید سوچ وفکر کی وجہ سے این جی او سیکٹر میں انقلابی کام کیا ہے، خصوصاََ ریلیف کے میدان میں الخیر کا نمایاں کام ہے۔ انہوں نے طیب ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین عاصم قاسمی کو مبارکباد پیش کی۔ ان کے علاوہ سہارنپور کے سی ایم او ڈاکٹرسعید محمد، دیوبند یونانی میڈیکل کالج کے بانی ڈاکٹر قمر الزماں قریشی، دیوبند سے رکن اسمبلی معاویہ علی، نوجوان لیڈرسعد صدیقی، دارالعلوم زکریا دیوبند کے استاذ حدیث مفتی محمد ارشد فاروقی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کی صدارت حافظ عاصم قاسمی اور نظامت شاہنواز بدر قاسمی نے کی۔ پروگرام کا آغاز دارالعلوم وقف کے استاذ مفتی اظہار الحق کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس تقریب میں لندن سے تشریف لائے ہوئے مولانا حذیفہ شیخ، مولانا دلشاد احمد سمیت طیب ٹرسٹ کے جملہ کارکنان کے ساتھ بڑی تعداد میں سرکردہ شخصیات اور طلبہ وطالبات نے بھی شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *