سید شاہ جلال الدین اشرفیؒ کے عرس کی تیاریاں زوروں پر

عرس کی تیاریوں کے کام کو دیکھتے ہوئے جاوید اختر عرف گڈو
عرس کی تیاریوں کے کام کو دیکھتے ہوئے جاوید اختر عرف گڈو
سمری بختیارپور:
سہرسہ ضلع کے سمری بختیار پور سب ڈیویژن میں واقع گھوڑدوڑ گاؤں میں حضرت سید شاہ جلال الدین اشرفی رحمۃاللہ علیہ کا عرس مبارک جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہے۔ عرس کمیٹی کے سربراہ جاوید اختر عرف گڈو نے بتایاکہ جمعہ کو عصر کی نماز کے بعد مزار پر چادر پوشی ہوگی اور پھربعد نمازعشاء محفل عید میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس میں معروف نعت گو شکیل صابری اور گوہر جمالی ہدیۂ نعت پیش کریں گے ۔ اس علاوہ مہمان خصوصی مولانا سید ساجد اشرف کا خطاب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ میلا د شریف کے بعد رات ۱۱؍ بجے سے محفل سماع کا اہتمام ہوگا جس میں بھاگلپور کے معروف خانقاہی قوال محمد عمران عالم اشرفی صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔ عرس کی تیاریوں میں ڈاکٹر محمد زاہداور ساجد اختر بھی اپنا بھرپور تعاون دے رہے ہیں۔اس کے ساتھ عبدالرب اور ماسٹر محمد طفیل احمد کی سرپرستی بھی انہیں حاصل ہے۔
حضرت سید شاہ جلال الدین اشرفی سید شاہ دیوان صادق رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ تھے۔ جاوید اختر نے بتایا کہ حضرت سید شاہ جلال الدین اشرفی کے عرس کی تقریبات ہر سال ۸؍ ربیع الاول کو منائی جاتی ہے، لیکن امسال چاند نظر آنے کے بارے میں دیر سے تحقیق ہونے کے سبب ۹؍ ربیع الاول کو عرس کی تقریبات منعقد ہوگی۔ یہاں عرس کی تقریبات میں مقامی باشندوں کے علاوہ بڑی تعداد میں دور دراز سے آنے والے معتقدین بھی شرکت کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *