آئی پی ایل: سوپرجائنٹس نے ممبئی انڈینس کو۹؍ وکٹ سیہرایا

اجنکیا رہانے
اجنکیا رہانے

ممبئی، ۹؍ اپریل (کرکٹ این مور): پہلی بار انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیل رہی پونے سوپرجائنٹس ٹیم نے ہفتہ کو کھیلے گئے لیگ کے نویں ایڈیشن کے پہلے مقابلے میں موجودہ چمپئن ممبئی انڈینس کو۹؍ وکٹوں سے ہرا دیا۔ پونے کے گیند بازوں نے ممبئی کو پہلے ۱۲۱؍ رنوں پر آؤٹ کرکے بلے بازوں کا کام آسان کر دیا اور پھر بلے بازوں نے بغیر کسی دقت کے ۴ء ۱۴؍ اووروں میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ اجنکیا رہانے نے ناٹ آؤٹ ۶۶؍ رن بنائے اور چھکے کے ساتھ اننگ کا اختتام کیا۔ رہانے نے فاف ڈو پلیسس کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے۷۸؍ رن جوڑے۔

ان دونوں نے ہی۴ء۹؍ اووروں میں اپنی ٹیم کو جیت کی پوزیشن میں لا دیا تھا۔ ڈو پلیسس ۳۳؍ گیندوں پر ایک چوکا اور تین چھکے لگا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد رہی سہی کسر رہانے نے کیون پیٹرسن (ناٹ آؤٹ ۲۱) کے ساتھ مل کر پوری کر دی۔ رہانے نے ۴۲؍ گیندوں پر سات چوکے اور تین چھکے لگائے۔ پیٹرسن اور رہانے نے ۳۰؍ گیندوں پر ۴۸؍ رن جوڑے۔ پیٹرسن نے۱۴؍ گیندوں کی اپنی اننگ میں دو چھکے لگائے۔

ممبئی کی جانب سے ہربھجن سنگھ کو واحد کامیابی ملی۔

اس سے پہلے، ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی نے مقررہ ۲۰؍ اووروں میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر ۱۲۱؍ رن بنائے.

ممبئی کی طرف سے سب سے زیادہ رن ہربھجن سنگھ (ناٹ آؤٹ ۴۵) نے بنائے۔ ان کے علاوہ امباتی رائیڈو نے بھی ۲۲؍ رن بنائے۔

پہلے بلے بازی کرنے اتری ممبئی کو دوسرے اوور میں بڑا جھٹکا لگا۔ ایشانت شرما نے ممبئی کے کپتان روہت شرما (۷) کو آٹھ کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کر ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

ممبئی نے ۵۱؍ رن پر اپنے چھ وکٹ کھو دیے تھے۔ لیڈل سمن (۸)،ہاردک پنڈیا (۹)، جاس بٹلر (۰)، کیرن پولارڈ (۱) جیسے بڑے نام واپس پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس کے بعد رائیڈو نے ہربھجن کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے ۱۷؍ رن کی ساجھیداری کرکے ٹیم کو پٹری پر لانے کی کوشش کی، لیکن روی چندرن اشون نے رائیڈو کو آؤٹ کر ایک بار پھر ممبئی کو پریشانی میں ڈال دیا۔

ہربھجن ایک سرا سنبھالے ہوئے تھے۔ انہوں نے ونے کمار (۱۲) کے ساتھ ۲۸؍ اور ممیکلیناگھن (ناٹ آؤٹ۲) کے ساتھ ۲۵؍ رنوں کی شراکت کر کے ممبئی کو۱۲۱؍ کے اسکور تک پہنچایا۔

شروع سے سنبھل کر کھیل رہے ہربھجن نے اننگ کے اختتام پر تیزی سے رن بنائے اور مسلسل چوکوں کی مدد پر یقین کیا۔ انہوں نے اپنی اننگ میں۳۰؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا کے علاوہ سات چوکے لگائے۔

پونے کی جانب سے ایشانت اور مشیل مارش نے دو دو وکٹ لیے۔رجت بھاٹیہ، اشون، ایم اشون اور آر پی سنگھ نے ایک ایک وکٹ لیا۔ پہلی بار آئی پی ایل میں کھیل رہے ایم اشون نے چار اووروں میں صرف۱۶؍ رن خرچ کیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *