جے این یو میں قم یونیورسٹی کے اساتذہ کا استقبال

نئی دہلی، پریس ریلیز:
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں ہندوستانی زبانوں کا مرکز کے پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کی دعوت پر ایران کی قم یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد رضا فخر روحانی پروفیسرشعبہ انگلش اور ڈاکٹر محمد علی رغبی پروفیسر و ڈین شعبہ اسلامیات جے این یو تشریف لائے۔ پروفیسر خواجہ اکرام نے اپنے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور تحفتاً جے این یو کا مومنٹو پیش کیا۔ انہوں نے مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ پروفیسر روحانی واحد ایسے اسکالر ہیں جو انگریزی ادبیات میں حسینی لٹریچر پر کام کرر ہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور ایران کے تہذیبی و ثقافتی حوالے سے بھی کئی اہم کام کیے ہیں۔ اس موقع پر جے این یو کے فارسی مرکز کے استاد ڈاکٹر سید اختر حسین نے اردو- فارسی ادبیات کے مشترکہ اقدار پر گفتگو کی اور کہا کہ یہ دونوں زبانیں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے حسینی لٹریچر کے سلسلے میں کہا کہ ہندوستان میں بلا امتیاز مذہب و ملت اور رنگ و نسل کئی اہم ادیبوں اور دانشوروں نے پیغام حسین کو اپنی تخلیقات میں نمایاں جگہ دی ہے۔ پروفیسر روحانی نے قم یونیورسٹی اور جے این یو کے مابین اشتراک کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کی بات کی اور اپنے تحقیقی میدان میں انفرادی طور پر بھی اساتذہ اور طلبہ کو اشتراک کرنے کی دعوت دی۔ پروفیسررضوان الرحمان چئیر پرسن افریقی اور عربی ادبیات نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد ہندوستان میں موجود ہے جو ہند – ایرانی روابط کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے عربی اور فارسی ادبیات کی لسانی اور تہذیبی روایات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر عربی، فارسی اور اردو کے ریسرچ اسکالر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *