ایس ڈی پی آئی نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کی مذمت کی

نئی دہلی، (نمائندہ) :
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی )کے قومی صدر اے سعید نے ایک اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی وزرات پٹرولیم کی جانب سے ایل پی جی کے غیر رعایتی سیلنڈرکی قیمت میں ۸۶؍ روپے اضافے کا جو اعلان کیا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی تاریخ میں ایل پی جی قیمت میں اب تک کا یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ اب فی ایل پی جی سیلنڈر۷۳۷؍روپے پچاس پیسے میں فراہم ہوگا جس سے عام آدمی، غریب اور متوسط طبقات پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس کے علاوہ مرکزکی بی جے پی حکومت میں غذائی اجناس اور دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں جس سے عام لوگ شدید طور سے متاثر ہورہے ہیں۔ گھریلو اشیاء کو مناسب قیمتوں میں فراہم کرنے کی بجائے مرکزی حکومت صرف قیمتوں میں اضافہ کرکے مالدار طبقات کو فائدہ پہنچانے میں دلچسپی دکھارہی ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر اے سعید نے بی جے پی حکومت کی ناکامی کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے انتخابی مہم کے دوران جو کہا تھا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی وہ سب ایک مذاق ثابت ہورہا ہے کیونکہ تمام ضروری اشیاء کی قیمتیں پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہیں اور مہنگائی کی وجہ سے ملک کے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

Aatan Mitao

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *