کنہیا کمار کی رہائی کے لیے ایس ڈی پی آئی کا احتجاج

photo delhi prt

نئی دہلی،( پریس ریلیز) :
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی )نے جواہر لعل یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدرکنہیا کمار اور ان کے ساتھیوں پر ملک سے بغاوت کے جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات کو خارج کرنے اورگرفتار طالب علموں کی فوری رہا ئی کے مطالبے کے ساتھ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے فتر کے قریب احتجاجی دھرنا دیا۔اس موقع پراپنے خطاب میں ایس ڈی پی آئی کے قومی نائب صدر ایڈوکیٹ شرف الدین احمد نے کہا کہ جواہر لعل یونیورسٹی اور پٹیالہ ہاؤس کورٹ احاطے میں جو ڈرامہ کیا جارہا ہے اس کو فوراً بندکیا جائے کیونکہ عوام پر یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ کنہیا کمار بغیر کسی جرم کے جیل میں بند کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جواہر لعل یونیورسٹی اور پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے معاملے میں جو اصل مجرم قصور وار ہیں وہ حکومت کی سرپرستی اور حمایت سے آزاد ہیں۔
ایڈوکیٹ شرف الدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اختیارات کو کھلے طور پر چیلنج کیا جارہا ہے۔ مجرم سیاہ لبادے میں قوم پرستی کا نعرہ لگارہے ہیں جس سے جمہوریت کی بنیاد مجروح ہورہی ہے۔ پولس کے اعلی افسران اپنی نالائقی کی وجہ سے اپنے ہی منصب کا مذاق اڑارہے ہیں کیونکہ وزیر داخلہ کے غیر توثیق شدہ ٹوئٹ کی بنیاد پر ہی پولس نے کنہیا کمار کے خلاف بغاوت کا الزام لگاکر انہیں گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی اوروی ایچ پی کے اوپی شرما اورویریندر سنگھ چوہان وغیرہ کو قانون کی حکمرانی کے پورے نظام کو درہم برہم کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے واضح ہدایات کے باوجود پولس نے اس معاملے میں اپنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ این ڈی اے حکومت کے واضح اور خفیہ اقدامات سے جے این یو کے جمہوری کردار اور ساخت کی شبیہ بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ملک ایک بحران کا شکار ہے، ایسے حالات میں بائیں بازو کا ایک گروپ تنگ نظری اور سیاسی مفادات حاصل کرنے کی غرض سے ایس ڈی پی آئی کو اس تحریک سے دور رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے ایسے گروہوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ذات پات اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے میں مکمل طو رپر مصروف عمل ہے اور پارٹی کسی کے بھی دباؤ میں آکر پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے کیونکہ پارٹی پہلے ہی سے نسلی امتیاز کے خلاف ملک گیر سطح پر ایک مہم چلارہی ہے اور ہم اپنے ہم خیال گروپوں کے ساتھ مل کرجمہوریت مخالف طاقتوں کے خلاف لڑنے کی قو ت رکھتے ہیں۔ اس احتجاجی مظاہرے میں قومی سکریٹری رفیق جبار ملا، پارٹی کی دہلی شاخ کے نائب صدر عرفان احمد اور ریاستی سکریٹری عظیم نوید سمیت سیکڑوں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *