مولانا اسرار الحق قاسمی کی حیات و خدمات پر بہار اردو اکادمی میں سیمینار 30 دسمبر کو


پٹنہ (نمائندہ): گذشتہ نصف صدی کے دوران جن علماء و دانشوروں کی خدمات ملی وحدت، قومی ترقی، سماجی فلاح و بہبود اور مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کی جد و جہد کے لئے وقف رہی ہیں ان میں حضرت مولانا محمد اسرارالحق قاسمی نوراللہ مرقدہ کا ایک نمایاں نام ہے۔ مولانا مرحوم متنوع خوبیوں اور بےپناہ صلاحیتوں کےحامل تھے۔ ان کی خدمات کئی جہتوں سے قابل التفات ہیں، اور ان کی خدمت کا ہر جہت فکر و عمل کی شمع سے روشن و منور ہے۔ انہوں نے سیاسی، سماجی، فلاحی، تعلیمی، صحافتی اور تصنیفی و ہر میدان میں انمٹ نقوش ثبت کیے ہیں، ملک وملت کے لئے انہوں نے گراں قدر کارنامے انجام دیے ہیں۔ حضرت مولانا محمد اسرارالحق قاسمی نوراللہ مرقدہ کی 50 سالہ دینی، علمی، سماجی، سیاسی، صحافتی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے زیر اہتمام اور نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی دربھنگہ کے اشتراک سے”محسن ملت” سیمینار 30 دسمبر 2018، بروز اتوار، صبح ساڑھے دس بجے بہار اردو اکادمی، اشوک راج پتھ، پٹنہ کے سیمینار ہال میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع نوجوان صحافی نورالسلام ندوی نے بدھ کو میڈیا کو دی۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کی صدارت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کریں گے، سیمینار میں مشہور شخصیت مولانا ابوطالب رحمانی رکن آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا سید شاہ مشہود احمد قادری ندوی، پرنسپل مدرسہ اسلامیہ شمس الہدی پٹنہ، مولانا خالد نیموی قاسمی صدر جمعیتہ علماء بیگو سرائے، احمد اشفاق کریم رکن راجیہ سبھا، آل انڈیا حج کمیٹی کےچیئرمین اور کھگڑیا سے ایم پی چودھری محبوب علی قیصر، سرفراز عالم رکن پارلیمنٹ ارریہ، مولانا مطیع الرحمن سلفی، چیئرمین توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ کشن گنج، الحاج محمد ارشاد اللہ چیئرمین بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ پٹنہ، مولانا سعود ندوی ازہری، ڈائرکٹر ملی گرلز اسکول کشن گنج، امتیاز احمد کریمی ڈائریکٹر اردو ڈائریکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، پٹنہ، حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی کےخادم خاص مولانا نوشیر احمد، سکریٹری آل انڈیا تعلیمی و ملی فاؤنڈیشن دہلی، قاری محمد صہیب صدر آر جے ڈی یوتھ، بہار، ڈاکٹر عبد الرحمن تیمی، جنرل ڈائریکٹر جامعہ امام ابن تیمیہ ڈھاکہ مشرقی چمپارن، بہار کے مشہور صحافی و تجزیہ نگار اشرف استھانوی سمیت دیگر سرکردہ علمی، سماجی، صحافتی اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گے۔

نورالسلام ندوی نے مزید کہا کہ سیمینار میں مولانا اسرار الحق قاسمی ؒکی زندگی اور کارناموں کے علاوہ ان کے فکر و عمل کے بعض وہ گوشے جس سے عموما لوگ ناآشنا ہیں اس پر بطور خاص روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ سیمینار مولانا کی شخصیت اور خدمات سے نئی نسل کو متعارف کرانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نےتمام علم دوست، ادب نواز اور ملی، سماجی اور سیاسی شخصیات سے سیمینار میں شرکت کی گزارش کی ہے۔ سیمینار کی تیاری آخری مرحلہ میں ہے۔پروگرام کےکنوینر و “وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ” کے ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی سیمینار کی کامیابی اور تیاری میں ہمہ تن مصروف ہیں۔

Spread the love
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

Leave a Reply

Your email address will not be published.