سمری بختیار پور میں 25 اگست کو اردو سیمینار کا انعقاد اور نواب نظیرالحسن اردو لائبریری رانی باغ کا سنگ بنیاد

سہرسہ،(نمائندہ): المسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن، سمری بختیار پور کے زیر اہتمام بہار اردو اکیڈمی پٹنہ کے تعاون سے سمری بختیار پور کے مدرسہ فیض قاسم مغربی پہاڑ پور میں ایک روزہ سیمینار بعنوان “قومی یکجہتی میں اردو کا کردار” کا انعقاد کیا گیا ہے. آئندہ 25 اگست کو منعقدہ اس سیمینار کے مہمان خصوصی چودھری محمد فاروق صلاح الدین ہونگے اور کلیدی خطبہ اردو روزنامہ “انقلاب” پٹنہ کے بیورو چیف اور مشہور صحافی اسفر فریدی پیش کریں گے. انجمن ترقی اردو سہرسہ کے صدر شاہد علی علیگ کی صدارت میں منعقد اس پروگرام کا افتتاح بہار اردو اکیڈمی کے سکریٹری مشتاق احمد نوری کریں گے جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر محکمہ اقلیتی فلاح کے آفیسر مسٹر روی شنکر، ڈی ای او جناب تقی الدین احمد، ایس ڈی او مسٹر اروند کمار، ڈی ایس پی مسز مریدولا کماری وغیرہ شریک محفل رہیں گے.

پروگرام کے کنوینر اور انجمن ترقی اردو سہرسہ کے نائب صدر وجیہ احمد تصور نے بتایا کہ پروفیسر محمد ابوالفضل نظامت کا فریضہ انجام دین گے جبکہ خطبہ استقبالیہ مفتی ظل الرحمن قاسمی پیش کریں گے.
وجیہ احمد تصور نے بتایا کہ پروگرام کے اختتام کے بعد چودھری محمد فاروق صلاح الدین کے ہاتھوں “نواب نظیرالحسن اردو لائبریری رانی باغ” کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا. انہوں نے اس موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں اردو دوستوں سے پروگرام میں شریک ہوکر اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے.

واضح رہے کہ سمری بختیار پور اردو آبادی والا علاقہ ہے مگر ادبی سرگرمیوں کا یہاں ہمیشہ قحط سالی رہا ہے اس لئے سیمینار کا انعقاد یقینی طور پر اردو آبادی میں ہلچل ضرور پیدا کرے گا. اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے منعقدہ کمیٹی، انجمن ترقی اور المسلم فاؤنڈیشن کے ممبران پوری مستعدی اور سرگرمی کے ساتھ جٹے ہوئے ہیں.

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *