سمینار سے متعلق شعبۂ عربی، جے این یو میں میٹنگ

’جدید عربی ادب میں موجودہ رجحانات‘ موضوع پر ۲۸ اور ۲۹ مارچ کو ہوگا قومی سمینار

شعبہ کے سالانہ مجلہ ”الدراسات العربیہ“ کی بھی تقریب رونمائی ہوگی

JNU Arabic Dept

نئی دہلی، ۲۶ مارچ (نامہ نگار): ’جدید عربی ادب میں موجودہ رجحانات‘ کے موضوع پر شعبۂ عربی جواہر لال نہرو یونیورسٹی آل انڈیا عربک ٹیچر ایسوسیشن کے اشتراک سے اس مہینہ کی ۲۸ اور ۲۹ تاریخ کو یونیورسٹی کے کنوینشن سنٹر کے آڈیٹوریم نمبر دو میں ایک قومی سمینار کرانے جارہا ہے۔ اس میں کشمیر اور حیدرآباد سمیت ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے اساتذہ، طلبہ اور ریسرچ اسکالر کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔

اس سلسلے میں صدر شعبۂ عربی پروفیسر مجیب الرحمن نے طلبہ اور اساتذہ کی ایک میٹنگ آفس میں بلائی، جس میں اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا اور ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔ اس سیمنار کے افتتاحی جلسہ کی صدارت جے این یو کے ریکٹر پروفیسرچنتامنی مہاپاترا کریں گے، جب کہ استقبالیہ خطبہ پروفیسر مجیب الرحمن اور تعارفی کلمات ڈاکٹر قطب الدین پیش کریں گے۔ کلیدی خطبہ پروفیسر ثناءاللہ ( علیگڑھ مسلم یونیورسٹی) دیں گے۔ مہمان خصوصی کے طور پر عرب لیگ کے سفیر ڈاکٹر مآذن المسعودی اور مہمان اعزازی کے طور پر دارالمعارف حیدرآباد کی ڈائرکٹر، ڈاکٹرمہ جبیں اختر شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ مصری سفارت خانہ کے کونسلر قاضی عبدالرحمن بھی اپنی بات رکھیں گے۔ سیمنار کے اسی مرحلہ میں شعبۂ عربی کے سالانہ مجلہ ”الدراسات العربیہ“ کی بھی تقریب رونمائی ہوگی۔

نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے صدر شعبۂ عربی پروفیسر مجیب الرحمن نے کہاکہ سیمینار کے لئے درجنوں مقالات اب تک موصول ہوچکے ہیں۔ اس سمینارمیں پڑھے جانے والے بہترین مقالات کو ایک مجلہ میں بھی شائع کیاجائے گا۔ افتتاحی جلسہ کے بعد سیمینار دو الگ سیشن میں چلے گا۔ اس سمینار کی سب سے بڑی خوبصورتی نوجوان ریسرچ اسکالر کو موقعہ فراہم کرنا ہے۔ اس میں کثیر تعداد میں ان کی شرکت ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *