جامعہ نگرمیں بھیانک آگ لگی، کوئی جانی نقصان نہیں

نئی دہلی،(عاقب ضیاء):
قومی راجدھانی دہلی کے جامعہ نگر میں واقع جوگابائی ایکسٹینشن میں سائیکل کی ایک دکان میں شارٹ سرکٹ ہونے سے رات کے قریب ساڑھے بارہ بجے آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ کی لپیٹ میں آس پاس کے کئی گھر آگئے۔اس میں تین دکانیں اور دو گھر جل کر خاک ہوگئے ۔ مقامی باشندوں نے فائر بریگیڈ کو فون کیا لیکن اس کو پہنچنے میں بہت تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں میں شدیدناراضگی تھی۔ ناراض لوگوں نے فائر بریگیڈ کی گاڑی پر دوچار پتھر بھی پھینکے جس کی وجہ سے ایک دمکل گاڑی کا تھوڑا شیشہ ٹوٹ گیا۔ موقع پر تین دمکل گاڑیاں پہنچیں اور تقریباً ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن مالی نقصان بہت ہوا ہے۔ فی الحال اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ جہاں آگ لگی، اس کے پاس ہی میں ایک چھوٹا سا مدرسہ بھی ہے، جس میں کئی بچے زیر تعلیم ہیں ۔ انہیں محفوظ نکال لیا گیا۔ چشم دید افراد نے بتایا کہ جیسے ہی آگ لگی، قریب کے گھروں کی کئی عورتیں شور کرتی ہوئی باہر نکلیں۔ لوگوں نے فوراً فائربریگیڈ اور پولیس کو فون کیا۔ پولیس اور ایمبولینس تو جلدی پہنچ گئے لیکن فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آنے میں دیر ہوئی۔ جائے وقوع پر اوکھلا حلقہ سے رکن اسمبلی امان اللہ خان بھی پہنچے اور لوگوں کو سمجھا بجھا کر ان کا غصہ ٹھنڈا کیا۔
Aatan Mitao

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *