سمری بختیار پور میں چودھری محمد فاروق صلاح الدین نے لائبریری کے لیے زمین عطیہ دیا

وجیہ احمد تصور

سہرسہ: انجمن ترقی اردو سہرسہ کے ایک وفد نے ضلع صدر محمد شاہد علی علیگ اور تنظیم آئمہ مساجد سمری بختیار پور کے صدر حافظ محمد ممتاز رحمانی کی قیادت میں بختیار پور اسٹیٹ کے متولی چودھری محمد فاروق صلاح الدین سے ملاقات کی اور سمری بختیار پور میں ایک لائبریری کے قیام کی ضرورت پر ان کی توجہ مبذول کرائی. چودھری محمد فاروق صلاح الدین  نے کافی سنجیدگی سے وفد کے ممبران کی باتوں کو سنا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ سمری بختیار پور میں لائبریری کی سخت ضرورت ہے- انہوں نے اس کے ساتھ ہی وفد کی مانگ پر لائبریری کے لئے ایک کٹھہ زمین عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا- انجمن ترقی اردو سہرسہ کے وفد نے خوش دلی کے ساتھ ان کے اعلان کا خیر مقدم کیا- اس موقع پر چودھری  فاروق صلاح الدین نے اسٹیٹ کے امین الحاج عبدالسلام سے کہا کہ وہ آج ہی مناسب جگہ دیکھ کر لائبریری کے لئے زمین کا انتخاب کر دیں-

واضح رہے کہ چودھری فاروق صلاح الدین کے چھوٹے بھائی چودھری محبوب علی قیصر لوک جن شکتی پارٹی سے ممبر پارلیمنٹ اور سنٹرل حج کمیٹی کے چیئرمین ہیں-

اس وفد میں شامل لوگوں میں انجمن کے ضلع  نائب صدر وجیہ احمد تصور، انجمن کے سمری بختیار پور سب ڈویژنل صدر مولانا ضیاء الدین ندوی، سرگرم رکن منہاج عالم، رضا وارث، فاخر امام،  ماسٹر شہباز عالم وغیرہ شامل تھے. اس موقع پر چودھری سیف صلاح الدین،  محمد حسان احمد، ماسٹر ذوالفقار عالم وغیرہ موجود تھے.

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *