ٹیم انڈیا نے پاکستان کو چھ وکٹ سے ہرایا

kohli22

کولکاتا، ۱۹؍ مارچ(اسپورٹس ڈیسک ):
ٹیم انڈیا نے پاکستان کو ٹی ۔۲۰عالمی کپ میں چھ وکٹ سے ہراکر اپنے روایتی حریف پر جیت کا سلسلہ جاری رکھا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ٹاس جیت کر ٹیم انڈیا کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ ۱۸؍ اووروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر صرف ۱۱۸ ؍ رن بنائے۔ کم اسکور کے اس میچ میں ٹیم انڈیا کی ابتداء بھی اچھی نہیں رہی۔ اس کے سلامی بلے باز روہت شرما اور شکھردھون جلدی جلدی پویلین واپس چلے گئے۔ ٹیم کے لیے مشکل اس وقت آن پڑی جب سریش رینا پہلی ہی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوگئے۔ پانچ اوور میں تین وکٹ پر صرف ۲۳؍ رن بن پائے تھے ،ایسے حالات میں وراٹ کوہلی اور یووراج سنگھ کی جوڑی نے ٹیم کو سنبھالا۔ یووراج اگرچہ لمبی اننگ نہیں کھیل پائے لیکن ۲۳ ؍ گیندوں پر ان کے ۲۴؍ رنوں کے تعاون نے ٹیم انڈیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ البتہ ٹیم کو جیت دلانے میں سب سے اہم کردار وراٹ کوہلی نے نبھایا جنہوں نے ۳۷؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۵؍ رن بنائے۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹیم انڈیا کو جیت کا تحفہ دینے میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کا شاندار چھکا بھی خوب رہا ۔ دھونی نے ۱۶؍ ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر اسکور کو برابری پر پہنچا دیااور پھر ایک رن لے کر میچ پر قبضہ کر لیا۔
ٹی۔۲۰؍ کرکٹ میں ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان یہ پانچواں مقابلہ تھا، اور پانچوں بار ٹیم انڈیا نے اپنے حریف پر جیت درج کی ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ۔۲۰عالمی کرکٹ کپ میں ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان مقابلے پر بارش نے پانی پھیرنے کی کوشش کی مگر اس کو بہت زیادہ کامیابی نہیں ملی، البتہ میچ کو ۲۰؍ کی بجائے ۱۸ ؍ اوور کا کرنا پڑا۔ پاکستانی بلے باز شروع شروع میں رن بنانے میں بالکل ناکام رہے لیکن پانچویں وکٹ کی شراکت داری میں شعیب ملک اور عمراکمل نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور ۱۱۸؍ تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ شعیب ملک نے ۲۶؍ رن بنائے جبکہ عمراکمل نیٹ ۲۴؍ رن جوڑے۔
ٹیمیں:
ہندوستان: مہندر سنگھ دھونی( کپتان )، شکھردھون، روہت شرما، وراٹ کوہلی،سریش رینا، یووراج سنگھ، ہاردک پانڈیا، روندرا جڈیجہ، روی چندرن اشون، آشیش نہرا اور جسپریت بمراہ

پاکستان: شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، شرجیل خان، احمد شہزاد، عمراکمل، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد سمیع، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *