ہند۔بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا سرحد پار ٹرانسمیشن نظام قائم

India-Bangladesh

نئی دہلی، ۲۳ مارچ (نامہ نگار): وزیراعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی ان کی ہم منصب شیخ حسینہ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ طور پر دوسرا سرحد پار ٹرانسمیشن انٹرکنکشن نظام قوم کے نام وقف کیا۔ یہ نظام تریپورہ کے سورجیہ منی نگر کو بنگلہ دیش میں جنوبی کومیلا سے مربوط کرے گا۔

دونوں لیڈروں نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار اور اگرتلہ کے درمیان ۱۰ جی بی پی ایس انٹرنیٹ کنکٹی ویٹی ٹرانسمیشن کو بھی وقف کیا۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک تاریخی موقع قرار دیا۔ انہوں نے بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمان کے ہندوستان کے ساتھ پرخلوص تعلقات کو یاد کیا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کیلئے کھولے گئے بہت سے شعبوں کا خیر مقدم کیا اور بنگ بندھو کے نظریات اور خیالات کو آگے بڑھانے کے لئے بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کی ستائش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہندوستان کے مشرقی حصے میں انٹرنیٹ کا نیا در کھولے جانے کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور کہا کہ یہ خطے میں مواصلات کو تیزی سے فروغ دے کر شمال مشرقی ریاستوں کے لئے بہت فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان سڑک رابطوں اور ڈیجیٹل رابطوں سمیت کنکٹی ویٹی میں اضافے کے مختلف چینلوں کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے بنگ بندھو سٹیلائٹ چھوڑے جانے کیلئے بنگلہ دیش کی ہر قسم کی مدد کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے آج ہونے والے ٹی۔۲۰ کوکٹ میچ کے لئے دونوں ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *