فسطائیت کے خلاف متحد ہوں: کنہیا کمار


نئی دہلی، ۲۰ ؍ مارچ (نامہ نگار)جواہرلعل نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں جبکہ وطن پر فسطائی قوتوں کا غلبہ ہوتا جارہا ہے اپنے اپنے گاؤں ، قصبوں اور شہروں میں ایسی طاقت سے آزادی پانے کے لیے کھڑے ہوں۔ کنہیا کمار نے یہ بات جے این یو کے آزادی چوک پر طلبہ اور یونیورسٹی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کنہیا کمار نے کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں کے خلاف جس طرح سبھی نے ایک ساتھ مل کر جنگ لڑی تھی، اسی طرح آج بھی سب کو متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک اور اس کے آئین خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جو ناگپور کے اشارے پر چلتی ہے ، وہ عوام سے کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ اس لیے وہ عوام کا دھیان بھٹکانے کے لیے تعلیمی اداروں پر قدغن لگانا چاہتی ہے۔ لیکن ملک کے سوا سو کروڑ لوگ جن میں سے بہت سے ووٹروں نے موجودہ حکمراں جماعت پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں اکثریت کے ساتھ اقتدار کی ذمہ داری سونپی تھی، عوام کو دھوکہ دینے والوں سے پائی پائی کا حساب لیں گے۔ کنہیا کمار نے کہا کہ یہ ملک سبھی کا ہے، ہندوؤں کا ہے، مسلمانوں کا ہے، سکھوں کا ہے، عیسائیوں کا ہے، پارسیوں کا ہے، بدھوں کا ہے، جینیوں کا ہے، اور ان کا بھی ہے جو کسی مذہب پر عقیدہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کرنے والے فوجی ہمارے لیے اہم ہیں تو طلبہ بھی اہم ہیں۔ کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی بھی ملک کو ضرورت ہے۔ دفتروں اور کارخانوں میں کام کرنے والے لوگوں کی بھی ملک کو ضرورت ہے۔ اس لیے سبھی کی ضرورتوں کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ آئین نے جو حقوق دیے ہیں ، ان کی حفاظت کیے جانے کی ضرورت ہے۔ کنہیا کمار نے کہا کہ ان کی لڑائی کسی کو اقتدار سے ہٹانے یا اقتدار کی کرسی پر بٹھانے کے لیے نہیں ہے ، اس لیے وہ ۲۰۱۷ یا ۲۰۱۹ کو دیکھتے ہوئے یہ لڑائی نہیں لڑ رہے ہیں، بلکہ ان کی لڑائی سبھی محروموں اور ناانصافیوں کا شکار ہوئے لوگوں کو انصاف دلانے کی ہے۔ ان کی لڑائی روہت ویمولا کو انصاف دلانے کے لیے ہے اور ان کی لڑائی اس کے لیے بھی ہے کہ کسی دوسرے طالب علم کو روہت ویمولا کی طرح جان نہ دینی پڑے۔ اپنی کم و بیش آدھاگھنٹہ کی تقریر میں کنہیا کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی سے لے کر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ، بی جے پی صدر امت شاہ اور مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی کو بھی طنز و تنقید کا جم کر نشانہ بنایا۔

(کانگریس لیڈر ششی تھرور اور دیگر جے این یو میں کنہیا کمار کی تقریر سنتے ہوئے، تصویر: نیوز ان خبر)
(کانگریس لیڈر ششی تھرور اور دیگر جے این یو میں کنہیا کمار کی تقریر سنتے ہوئے، تصویر: نیوز ان خبر)

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *