اردو نیوز پورٹل وقت کی اہم ضرورت: پروفیسر اسرائیل

پٹنہ(نامہ نگار):
نالندہ اوپن یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے کوآرڈینیٹر پروفیسر اسرائیل رضا نے کہا ہے کہ یہ انفارمیشن ٹکنالوجی کا دورہے، ایسے میں prof-israil-rezaاردو زبان میں نیوز پورٹل چلانا بڑا اہم کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، لیکن جس طرح ٹکنالوجی انسانی زندگی پر حاوی ہوتی جارہی ہے، اس سے تو یہی لگتا ہے کہ آنے والے چند برسوں میں ڈیجیٹل میڈیا ہی سب پر بھاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنی زبان میں خبریں پڑھنے اور سننے میں دلچسپی ہوتی ہے۔ اس لیے اردو زبان میں ’نیوز ان خبرڈاٹ کام‘ کو شروع کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پروفیسر اسرائیل رضا نے کہا کہ اردو کی ترویج و اشاعت میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی خدمت کرنے کا ایک معاصر ذریعہ اس زبان میں نیوز پورٹل ہے۔ اس میں دیس دنیا، اقوام عالم اور قومی، علاقائی و مقامی خبریں لوگوں کو اپنی زبان میں پڑھنے، دیکھنے اور سننے کو مل جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ لوگ بھی اس سے استفادہ کرسکیں گے جن کی مادری زبان اردو نہیں ہے بلکہ وہ صرف اردو کو پڑھتے، بولتے اور سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر بھی انٹرنیٹ کے ذریعہ اردو کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے بھی ویب سائٹ تیار کرائی ہے۔ پروفیسر اسرائیل رضا نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں دنیا کی بیشتر زبانوں میں ویب سائٹس چلائی جارہی ہیں، اور ان کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے، ایسے میں اردو بھی سب کے ساتھ شانہ بشانہ چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ان کی اپنی مادری زبان میں خبریں پہنچانا ایک اہم ذمہ داری ہے، اور اس میں اردوداں طبقہ کو ان سبھی کی مدد کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے جو کسی بھی سطح پر اردو کو فروغ دینے کا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو صرف ایک زبان ہی نہیں بلکہ گنگا جمنی تہذیب وثقافت کی امین بھی ہے، اس لیے اس کو زندہ رکھنا ہرہندوستانی کے فریضے میں شامل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *