راجستھان میں ویمن انڈیا موومنٹ کی ریاستی کمیٹی کا قیام

انصاف کے حصولی کے لیے قومی سطح پر خواتین کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا وقت کی اہم ضرورت: یاسمین
WIM Rجے پور، ۲۸؍مارچ( پریس ریلیز)
ملک کی خواتین میں سماجی، تعلیمی اور سیاسی شعور پیدا کرنے اور خواتین کو سماجی انصاف دلانے کے لیے گذشتہ۱۰؍جنوری ۲۰۱۶ء کوکرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں منعقدہ ایک عظیم الشان اجلاس میں ویمن انڈیا موومنٹ کے نام سے خواتین کی ایک ملک گیر سطح کی تنظیم کا قیام اور اس تنظیم کی مرکزی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس میں تین سالہ میعاد کے لیے ویمن انڈیا موومنٹ (وی آئی ایم) کی قومی صدر کی حیثیت سے محترمہ یاسمین فاروقی،نائب قومی صدر محترمہ صوفیہ پروین، قومی جنرل سکریٹری محترمہ شاہدہ تسلیم،قومی سکریٹریان کے طور پر محترمہ ستارہ بیگم، ایڈووکیٹ سائرہ بانو، ڈی بالا سبرامنیم اور قومی خازن کے طور پر محترمہ ترانہ شرف الدین کا انتخاب عمل میں آیاتھا۔ اس کے بعد ریاست کیرل اور مغربی بنگال میں ویمن انڈیا موومنٹ کی ریاستی کمیٹی کا قیام گیا۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر راجستھان کی راجدھانی جے پور شہر کے اجمیری گیٹ کے قریب واقع چیمبر آف کامرس بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں ویمن انڈیا موومنٹ راجستھان ریاستی کمیٹی کا قیام عمل میں آیا۔ اس تقریب میں قومی سکریٹری محترمہ ستارہ بیگم نے استقبالیہ پیش کیا ۔ قومی صدر محترمہ یاسمین فاروقی نے اجلاس کی صدارت کی۔
اس اجلاس میں ریاست کے کئی اضلاع سے کثیر تعداد میں خواتین شریک رہیں۔ اس موقع پر ویمن انڈیا موومنٹ کی قومی صدر یاسمین فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی انصاف کی حصولیابی کے لیے ملکی سطح پر خواتین کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ویمن انڈیا موو منٹ ملکی سطح کی ایک ایسی تحریک ہے جو خواتین کو درپیش مسائل جیسے سماجی امتیازی سلوک، غیر برابری،خانگی تشدد، خواتین کا استحصال وغیرہ کے خلا ف آواز اٹھائے گی ۔ اس کے علاوہ خواتین کی تعلیم ، صحت اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لے کر ان کے حقوق دلائے جائیں گے، نیز انہیں سیاسی طور پر با اختیا ر بنایا جائے گا۔لڑکیوں کی رہنمائی کے علاوہ خواتین کے روزگار کے مسائل کو حل کرنے اور ان کو قانونی مددکی فراہمی میں تعاون دیا جائے گا۔
WMI Rیاسمین فاروقی نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ڈاکٹر، ایڈووکیٹ ، ٹیچر اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ویمن انڈیا موومنٹ کے اس پروگرام میں نہ صرف شرکت کی ہے بلکہ اپنے آپ کو اس تحریک سے جوڑ لیا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ نوجوان لڑکیاں بھی اس تحریک سے متاثر ہوکر اس کی رکن بنی ہیں ، جس سے ہماری تحریک کی خدمات میں توسیع ہوگی۔انہوں نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اگلے دو ماہ کے اندر نئی دہلی، تمل ناڈو، کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بھی ویمن انڈیا موومنٹ کی ریاستی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ بعد ازیں ریاست کے مختلف اضلاع سے اجلاس میں شریک خواتین نے انتخابی عمل کے ذریعے ویمن انڈیا موومنٹ راجستھان کی ریاستی صدر کے طور پر محترمہ مہر النساء خان، نائب صدرایڈووکیٹ کوثر پروین،جنر ل سکریٹری فریدہ سید، ریاستی
سکریٹریان ڈاکٹر کلپناجی، محترمہ تبسم بانو، ڈاکٹر الفا سید اور ریاستی خازن کے طور پر ایڈوکیٹ پروین کو منتخب کیا۔ ریاستی ورکنگ کمیٹی کے لیے محترمہ رشیدہ مجید، محترمہ رضیہ بیگم، محترمہ فردوس بانو اور محترمہ فرید ہ گزدرکا انتخاب عمل میں آیا۔
اس اجلاس میں مہمان خصوصی کے طور پر ایس ڈی پی آئی راجستھان کے ریاستی صدرحافظ منظور علی خان شریک رہے۔ ان کے علاوہ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع، ایڈووکیٹ وجیندرا کسانا اورپروگرام کے کنوینر محمد رضوان خان بھی اس کا حصہ رہے۔ آخر میں ویمن انڈیا موومنٹ کی نومنتخب ریاستی صدر محترمہ مہرالنساء خان نے اپنے خطاب میں تمام خواتین شرکاء کو تنظیم کے اصولوں کے مطابق کام کرنے کی درخواست کی۔ نظامت کے فرائض ایڈووکیٹ پروین نے انجام دیا۔ ریاستی جنرل سکریٹری محترمہ فریدہ سید کے ہدیۂ تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیرہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *