کرگل میں برف کے تودے میں پھنسے جوان کی لاش ملی

تصویر: بشکریہ اے این آئی
تصویر: بشکریہ اے این آئی

اُدھم پور (جموں و کشمیر)، ۲۰ مارچ: تین روز قبل جموں و کشمیر کے کرگل علاقے میں ڈیوٹی کے دوران برف کا تودہ گرنے سے ہندوستانی فوج کے کئی جوان دب گئے تھے۔ تبھی سے انڈین آرمی کی طرف سے ان جوانوں کو تلاش کرنے کا کام بڑے پیمانے پر جاری تھا۔ آج اتوار کو ہندوستانی فوج کی بچاؤ و راحت رسانی ٹیم نے ۱۲ فیٹ برف کے نیچے پھنسے سپاہی وجے کمار کی لاش کو برآمد کر لیا۔

خراب موسم کے باوجود آرمی کی ٹیم کے ذریعہ تلاش کا کام جاری رہا۔ سرچ ٹیم نے ۱۵ فیٹ تک برف پڑنے کے باوجود اپنے کام میں کوئی کوتاہی نہیں برتی، جس کا نتیجہ ہے کہ آج اس ناگہانی حادثہ میں شہید ہونے والے جوان کی لاش برآمد کر لی گئی۔ شہید ہونے والے جوان وجے کمار کا تعلق تمل ناڈو کے تھیرونیل ویلی ضلع سے تھا، اب اس جوان کی فیملی میں اس کے والدین اور دو چھوٹی بہنیں رہ گئی ہیں۔

آرمی وجے کمار کی جسد خاکی کو وہاں سے نکال کر اس کے آبائی گاؤں پہنچانے کی کوششوں میں جٹی ہوئی ہے، جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اس کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ جس دن یہ حادثہ پیش آیا تھا، اسی دن برف میں پھنسے ایک اور سپاہی سجیت کو زندہ و سلامت وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔ اب اس جوان کی صحت ٹھیک ہونے لگی ہے۔

ناردرن کمانڈ کے آرمی کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے سپاہی وجے کمار کی موت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *