عیدالاضحی کا تہوار بے خوف ہو کر منائیں
ہمارے رہنما ہماری نمائندگی کے لیے ہیں یا حکومت کی گائیڈ لائن پر اپیل جاری کرنے کے لیے؟
شاہنواز بدر قاسمی
عیدالاضحیٰ کے موقع پر کئی مذہبی و سماجی تنظیموں کی طرف سے خوب اشتہار بازی اور بیان بازی دیکھنے کو مل رہی ہیں جو بیحد افسوسناک ہے۔ ہر مسئلہ پر سیاست اور بلاوجہ کی نصیحت کرنا عقل مندی نہیں ہے۔ ملک کے حالیہ حالات نے زیادہ تر ملی و مذہبی جماعتوں اور مسلم قائدین کی حیثیت اور اثر و رسوخ کو واضح کر دیا ہے، مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مسلمان بیدار ہیں
ہندوستانی مسلمان الحمدللہ بیدار ہیں اور وقت و حالات کے مطابق سمجھوتہ کرنا بھی خوب جانتے ہیں جس کا عملی تجربہ اور اندازہ سب کو ہے لیکن اس مرتبہ سوشل میڈیا پر کئی اخباری بیانات اور اپیلوں کو دیکھ کر افسوس ہوا کہ یہ جماعت ہماری نمائندگی کے لیے ہے یا پھر سرکاری گائیڈ لائن کا حوالہ دے کر ہمیں ڈرانے کے لیے؟ اگر تنظیموں کے ذمہ داران مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے حق بات نہیں کہ سکتے تو کم از کم خاموش تو رہ سکتے ہیں۔ ہر مسئلہ پر اپیل جاری کرنے سے ان کی بے وزنی اور بے بسی کا بھی بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
حکومت کی پالیسی
ہم سب کو کورونا وائرس کی حقیت اور اس کے بہانے موجودہ سرکار کی نیت و منصوبہ بندی کا خوب اچھی طر ح اندازہ ہے، تعصب اور تنگ نظری اس وقت ہمارے ملک کی علامت اور پہچان بن چکی ہے، عوامی طاقت کو کمزور کرنے اور مسلمانوں کو احساس کمتری میں مبتلا کرنے کی ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے۔ ایسے مشکل حالات میں ہمیں ہمت، حوصلہ اور ٹھوس منصوبہ بندی سے کام کرنا چاہیے کسی کے بہکاوے اور عقیدت و محبت میں دبنے کے بجائے زمینی سچائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے قوم کی ترجمانی کرنی چاہیے۔ خدا کے واسطے جو لوگ قیادت اور رہبری کے نام پر مسلمانوں کو ڈرانے کا کام کر رہے ہیں وہ باز آ جائیں۔ ہم نے آپ کو مسلمانوں کامذہبی و سیاسی رہنماء اس لیے تسلیم کیا ہے تاکہ آپ ہماری ترجمانی کرسکیں، حکومت اور انتظامیہ سے لڑکر اپنے جائز مطالبات منواسکیں، اگر آپ کے اندر ہمت اور حوصلہ نہیں ہے تو کچھ بولنے سے بہتر ہے کہ آپ خاموش رہیں۔
اجودھیا کی ہلچل
مرکزی حکومت کی طرف سے مذہبی تقریبات پر مکمل پابندی کے باوجود اجودھیا میں کیا سب چل رہا ہے سب کو معلوم ہے، مذہبی بنیادوں پر تفریق ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت کے ہر فیصلے کو اب ماننا بھی ضروری نہیں ہے کیوں کہ حکومت کورونا کی روک تھام میں ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ اب ہمیں خود احتیاط برتنا ہے اور اپنی صحت کاخیال رکھنا ہے۔
حسب روایت تہوار منائیں
پورے ملک کے مسلمان حسب روایت عیدالاضحی کا تہوار بے خوف ہوکر منائیں، مقامی علماء اور علاقائی ذمہ داران کے مشورے سے نماز عیدالاضحی اور قربانی کی ادائیگی کا اہتمام کریں۔ کسی ڈر اور خوف کا شکار نہ ہوں، اس وقت مسلمانوں کو خوف زدہ کرنے کے بجائے ہمت، حوصلہ اور صحیح رہنمائی کی ضرورت ہے۔
نوٹ : آپ بھی اس ویب سائٹ کو اپنی صلاحیت نکھارنے کے لیے استعال کر سکتے ہیں۔ اپنے علاقے کی تعلیمی ، سماجی اور سیاسی و اقتصادی صورت حال کے تعلق سے ہمیں خبریں ، تصاویر اور ویڈیو بھیج سکتے ہیں۔ آپ جو بھی کام کر رہے ہیں، اس کےساتھ صحافت کا بھی کام ضرور کریں ۔ یہ وقت کی ضرورت ہے۔ اگر آپ اسے پیشہ کے طور پر اپنانا چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کریں ۔
awaminews@gmail.com
ایڈیٹر صاحب کادلی شکریہ