NewsInKhabar

خبروں کی رفتار اور ہماری ضرورت

ذیشان

دوستو، آپ جانتے ہیں کہ خبر کے بارے میں آپ کی پسندیدہ ویب سائٹ نیوز ان خبر کا نظریہ بالکل واضح ہے۔ اس کا نعرہ ہے خبر مطلب خبر۔ اب سوال اٹھتا ہے کہ دن بھر جو ٹی وی چینلوں اور دوسرے پلیٹ فارموں پر چیں چیں ہوتی رہتی ہے، اس سے کیسے نمٹا جائے۔  اس نمٹنے کا سوال اس لیے پیدا ہوتا ہے کیونکہ چیں چیں کرنے والے اسے خبربتا کر آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ اب ذرا غور کیجیے کہ پارلیمنٹ میں کسان بل جو پاس ہوا ، وہ خبر ہے یا پھر اس پر گزشتہ تین چار دنوں سے بیان بازیوں کا نہیں تھمنے والا سلسلہ یا پھر اس بل کے خلاف سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر اترے کسان؟ خبر کون ہے؟ ہمارا خیال ہے کہ آپ کسان بل اور اس کےخلاف کسانوں کے احتجاج کو ہی خبر کہیں گے۔ سچی بات یہی ہے کہ اس کے علاوہ کم از کم اس موضوع پر دیگر تمام باتوں کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اس سے آپ کو یہ جاننے میں آسانی ہوگی کہ کسان بل کے حق میں کون ہیں اور اس کی مخالفت کرنے والے کون ہیں؟لیکن اس کو بھی سمجھنے میں اسی وقت آسانی ہوگی جب آپ کو کسان بل کے بارے میں معلوم ہوگا۔ اس لیے خبروں میں سب سے زیادہ بنیادی اطلاع پر خود توجہ دیا کریں اور ایسے ہی چینل ، اخبار یا ویب سائٹ سے رجوع کیا کریں جس پر بغیر کسی لاگ لپیٹ کے اطلاع موجود ہو۔ آپ کو معلوم ہے کہ چند ایک چینل ، اخبارات اور ویب سائٹ آدھی ادھوری اطلاع دینے کے بعد فوراً اس کی تشریح کرنے میں لگ جاتے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خبروں کی تشریح ضروری ہے کیونکہ اس کے درمیان جو باتیں ہوتی ہیں وہ کبھی کبھی عام لوگوں کو سمجھ میں نہیں آتی ہیں، تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ خود بہت زیادہ قابل بن کر اطلاع کو عام کیے بغیر اس کی تشریح کرنا دراصل اپنے قارئین اور ناظرین کو کمتر سمجھنا اور انہیں دھوکہ دینے کے مصداق ہے۔ ایک اور اہم بات یہ ہے کہ آپ کوکتنی اور کیسی اطلاع چاہیے، اس کا فیصلہ آپ کو خود کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *