NewsInKhabar

بی جے پی کو فیصلہ کرنا ہے: نتیش کمار

پٹنہ : وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جے ڈی یو دفتر میں بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کی جیت کے بعد میڈیا سے بات کی۔ وزیر اعلیٰ نے جمعرات کو کہا کہ اسمبلی انتخاب کے نتائج آگئے ہیں۔ عوام مالک ہیں۔ عوام نے این ڈی اے کو واضح اکثریت دی ہے ۔ این ڈی اے کی میٹنگ میں دیگر تمام چیزوں پر گفتگو ہوگی۔ اس کے بعد باقاعدہ اعلان ہو گا۔ این ڈی اے کی چاروں حلیف پارٹیوں کے لوگ ایک ساتھ میٹنگ کریں گے۔ ایسے تمام لوگوں سے ملاقات ہو چکی ہے۔ این ڈی اے کی میٹنگ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہے۔ جمعہ کو تمام لوگ ایک ساتھ میٹنگ کر سکتے ہیں۔ این ڈی اے کی میٹنگ میں لیڈر کا نام طے ہو گا۔ انتخاب کے نتائج کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ایک ایک سیٹ کا تجزیہ ہو رہا ہے۔

سماج کے ہر طبقہ کے لیے کام کیا

وزیر اعلیٰ نے کہا: ہم نے سماج کے ہر طبقہ کی خدمت کی ہے۔ ہر کام ہم نے خدمت کے جذبے سے کیا ہے۔ بہار کے لوگوں نے جب سے ہم لوگوں کو کام کر نے کا موقع دیا ہر طبقہ اور ہر علاقہ کی ترقی کی ہے۔ ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں رہا ہے۔ سماج کے ہر طبقہ کو فائدہ پہنچا یا ہے ۔ سڑک ، بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ترقی کے تمام کام کیے گئے ہیں۔ سماج میں محبت ، امن اور بھائی چارہ کا ماحول رہا ہے۔ ہم نے لوگوں کی خدمت کی ہے ۔ خدمت کرنا ہمارا دھرم ہے ۔

بی جے پی کو فیصلہ کرنا ہے

وزیر ا علیٰ نے کہا کہ عوام کو فیصلہ کر نے کاحق ہے ۔کہاں کیا ہوا،اب بی جے پی کو پتہ لگا نا ہے ۔بی جے پی کو ہی فیصلہ کرنا ہے۔ہماری پارٹی کے لوگ اور اتحاد کے لوگ بھی دیکھ رہے ہیںکہ کہاں کیا ہوا۔

جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم لوگوںکے حلقوں میں امیدوار کھڑا کر کے کیسے ووٹ کا ٹا گیاہے۔ ہم لوگوں کا اس میں کوئی رول نہیں ہے، لیکن جان بوجھ کر ایسا کر نا تو غلط ہے ۔ کچھ سیٹوں پر بی جے پی کو بھی نقصان پہنچا یا گیا ہے ،لیکن ہم لوگوں کی سیٹ پر زیادہ نقصان پہنچا یا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ کسی بھی گائوں جا کر دیکھ لیجئے ،لوگوں کو کتنا فائدہ مل رہا ہے لیکن اس کے بعد بھی کوئی ہم لوگوں کے امید وار کو ووٹ نہیں کر تا ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔

ہم نے فرقہ واریت کو روکا

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری سرکار آنے کے بعد ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات کو روکا گیا ۔ ہر کام ہم نے خدمت کے جذبہ سے کیا ہے ۔ ویسے تو یہ دعویٰ کوئی نہیں کر سکتا ہے کہ ہر آدمی بہتر ہے چاہے وہ سرکاری ملازمت میں ہو یا کسی طرح کا کام کر تا ہو ۔ہم لوگوں نے سب کچھ کیا لیکن اس کے بعد بھی کوئی گمراہ ہو تا ہے تو یہ لوگوں کا اپنا حق ہے ۔ انہوں نے کا کہ این ڈی اے کے فیصلہ کے مطابق کام ہو گا۔ این ڈی اے کے پاس مکمل اکثریت ہے ۔ہم آئندہ بھی کرائم، کرپشن اور کمیونلزم سے کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ کچھ لوگ بھرم پھیلانے میں کامیاب رہے ۔ جو ہو نہیں سکتا اس کی بھی تشہیر کی گئی۔ بہار میں کرائم پر قابو پایا گیا ہے۔ ترقیات کی شرح میں بہار آگے ہے۔

لاک ڈاؤن میں لوگوںکی مالی مدد کی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے دوران ۲۱؍ لاکھ افراد کے کھاتے میں ایک ایک ہزار روپے ڈالے گئے ۔ کورونا کے دور میں کتنے کام کیے گئے سب آپ لوگوں کے سامنے ہے ۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ایک ایک چیز کی مانیٹرنگ کی گئی ۔ سب کچھ گائیڈ لائن کے تحت کیا گیا ۔ کورنٹین سینٹر میں ایک شخص پر ۱۴؍ دن  میں۵۳ سو روپے خرچ کیے گئے ۔

نئی حکومت کا فیصلہ جلد

وزیر اعلیٰ نے میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ جب استعفیٰ دینے جائیں گے ، اسمبلی کو تحلیل کریں گے ، اس کے بعد ہی نئی حکومت بنے گی۔ جو بھی ہو گا ،آپ لوگوں کو سب معلوم ہو گا ۔ ہم ہر انتخابی مہم کے آخر میں بولتے ہیں کہ ’انت بھلا تو سب بھلا‘، آئندہ بھی ہم سماج کے سبھی طبقوں کی ترقی کے لیے کام کر تے رہیں گے ۔ اس سے قبل پارٹی دفتر میں وزیر اعلیٰ نے منتخب ممبران اسمبلی سمیت دیگر عوامی نمائندوں اور پارٹی لیڈران سے ملاقات کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *