بھارت میں بدھ کو منائی جائے گی عیدالاضحی
نئی دہلی: بھارت میں عید الاضحی کا تہوار بدھ کو منایا جائے گا۔ اس کے ریاستی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ نے کی طرف سے گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں گائے کی نسل کے جانوروں کے ساتھ ہی اونٹوں کی قربانی پر بھی پابندی ہے۔ اسی کے ساتھ کورونا کی وبا کے پیش نظر ایک مقام پر پچاس سے زیادہ افراد کے اکٹھا ہونے کی ممانعت ہے۔ ادھر پڑوسی ریاست بہار میں عام لوگوں کے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو کھولنے پر پابندی جاری ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ملک اور بالخصوص بہار کے باشندوں کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بے پناہ عقیدت و محبت کا تیوہار ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے آپسی بھائی چارہ اور پیار محبت کے ساتھ عید الاضحی منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران کورونا کی گائیڈ لائن کا خیال رکھیں۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے لوگوں سے اپنے اپنے گھروں ہی میں عبادت کرنے کی تلقین کی ہے اور کہا ہے کہ آپ ہی کے تعاون سے کورونا کے خلاف لڑائی کو جیت سکتے ہیں۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے آنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ایسی صورت میں ہم سب کو چوکس رہنے اور احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
اس دوران بھارت میں ایک مخصوص گروہ نے سوشل میڈیا پر جانوروں کی قربانی کے خلاف ایک مہم چھیڑ رکھی ہے۔ بقرعید کے موقع پر گوشت نہیں کھانے، جانوروں کے بھی جان ہونے اور جانوروں سے محبت کا راگ الاپنے والا یہ گروہ گزشتہ کئی سالوں سے جاگتا آ رہا ہے۔ لیکن اس کی مہم کو غور سے دیکھنے والوں کو معلوم ہے کہ یہ گروہ جانوروں سے محبت کی بجائے مخصوص مذہب اور اس کو ماننے والوں سے نفرت کے سبب ایسی حرکت کرتا ہے۔