آئی آئی ایم سی کا داخلہ ٹیسٹ ٢٩ اگست کو
نئی دہلی: بھارت میں صحافت کی تعلیم کے لیے معروف انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) میں داخلہ کے لیے ٢٩ اگست کو ٹسٹ ہوگا۔ آئی آئی ایم سی نے جرنلزم کے مختلف کورسوں میں داخلہ کے فارم جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق فارم بھرنے کی آخری تاریخ ٩ اگست ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ نئی دہلی میں جے این یو کے پاس واقع آئی آئی ایم سی میں اردو میں بھی صحافت کا کورس کرایا جاتا ہے۔ ملک میں انگریزی اور ہندی صحافیوں کی بڑی کھیپ تیار کرنے والے اس ادارے نے اردو میں بھی پیشہ ورانہ صحافت کا ڈپلومہ کورس چند سال پہلے شروع کیا ہے۔ اگرچہ فیس زیادہ ہونے اور ملازمت کے امکانات میں کمی کے سبب طلبہ کی کم ہی تعداد اردو صحافت کے کورس میں داخلہ لیتی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے روشن مستقبل سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اردو کے اخبارات اور ویب پورٹل والوں کو اس طرف خصوصی توجہ دینا چاہیے۔ انہیں اپنے یہاں پیشہ ورانہ صحافت کا کورس کرنے والوں کو نہ صرف ترجیح دینا چاہیے بلکہ اردو اور صحافت کی بہتری کے لیے اردو صحافت کے کورس میں داخلہ لینے والوں کی مالی معاونت بھی کرنا چاہیے۔
آئی آئی ایم سی نے اس کے ساتھ ہی کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر داخلہ ٹسٹ، نتائج اور داخلے کے عمل میں رد و بدل بھی کیا جا سکتا ہے۔ واضح ہو کہ اس نے ستمبر کے اوائل میں داخلہ ٹسٹ کے نتائج کا اعلان اور اواخر میں کلاس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔