ایم سی ڈی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو سبقت
نئی دہلی: ایم سی ڈی (دہلی میونسپل کارپوریشن) کے لیے ہوئے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے ۱۳۴ سیٹوں پر جیت کے ساتھ سبقت حاصل کر لی ہے۔ دوسرے نمبر پر بی جے پی رہی جس نے ۲۵۰ رکنی کارپوریشن میں ۱۰۴ سیٹوں پر جیت درج کر اپنی لاج بچائی۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے نتائج نے اس کے ساتھ ہی بتا دیا کہ کانگریس کو ابھی بہت محنت کرنی ہے۔ واضح ہو کہ کانگریس صرف ۹ سیٹوں پر جیت درج کر سکی۔ اس میں بھی سات کونسلر مسلم اکثریتی علاقے سے ہیں۔ اس کے علاوہ تین دیگر نے جیت درج کی ہے جس میں اسدالدین اویسی کی پارٹی ایم آئی ایم بھی شامل ہے۔ البتہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت والے جے ڈی یو کو سبھی سیٹوں پر ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران ایک خبر یہ بھی گردش کرنے لگی ہے کہ اگرچہ بی جے پی دوسرے نمبر پر کھسک گئی ہے، اس کے باوجود میٹر اسی کا ہو سکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایم سی ڈی میں پارٹی سے بے وفائی کرنے پر رکنیت ختم کرنے والا قانون نافذ نہیں ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اگر دو تہائی سے کم منتخب اراکین پارٹی کی منشاء سے الگ رائے قائم کریں گے تو ان کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے بی جے پی کے حامی سمجھ رہے ہیں کہ بہت سی ریاستوں میں ہار کر بھی حکومت بنانے والی بی جے پی اتنی جلدی ہار ماننے والی نہیں ہے۔